منگل، 16 مئی، 2023

فوادچوہدری کو دوبارہ گرفتارکرنے کی کوشش ناکام،محمود مولوی بھی پی ٹی آئی کے نہ رہے

 


تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے پولیس کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو ضمانت کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر پولیس نے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو وہ کمرہ عدالت پہنچ گئے اور روسٹرم پر آگئے۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ باہر پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کرنے کی کوشش کی، جسٹس میاں گل حسن نے ریمارکس دیئے کہ آپ خود وکیل ہیں، تحریری حکم کا انتظار کریں، پھر توہین عدالت کی درخواست دائر کریں۔

اس سے قبل فواد چوہدری عدالت سے ضمانت منظور ہونے کے بعد گھر جانے کے لیے گاڑی میں بیٹھے تھے کہ اسلام آباد پولیس کے اہلکار انہیں گرفتار کرنے کے لیے ان کی طرف آئے۔ فواد چوہدری کو جیسے ہی پولیس کی نیت کا اندازہ ہوا تو وہ عدالت کے احاطے کی طرف بھاگے، پولیس اہلکار ان کے پیچھے بھاگے لیکن فواد چوہدری کو گرفتار نہ کر سکے۔خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے فواد چوہدری کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں کسی صورت گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔



دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے کھلاڑی بھی مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ غداری کرنے پرتُل گئے ہیں اورپارٹی کو خیرآباد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کا پہلا اعلان کراچی سے عامرلیاقت کی وفات پرخالی ہونے والی سیٹ پرکامیاب ہونے والے پی ٹی آئی کے ایم این اے محمود مولوی سے ہوا ہے۔

محمود مولوی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 'ایم این اے کی حیثیت سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے رہا ہوں۔'انہوں نے کہا کہ پارٹی چھوڑنے کی وجہ یہ ہے کہ میں کبھی فوج کے خلاف نہیں گیا اور نہ کبھی جاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ جب ہم اقتدار میں آئے تو کیا ہم فوج کے خلاف تھے؟ ہم نے وہ کر دکھایا جو بھارت نہ کر سکا۔ پی ٹی آئی اس لیے آئی کیونکہ یہ ایک غیر منظم جماعت تھی۔

محمود مولوی نے کہا کہ 'تحریک انصاف کی جانب سے جو لوگ ان پرتشدد کارروائیوں میں ملوث تھے اور جو لوگوں کو اکسانے میں ملوث تھے، تحریک انصاف کو ان کی سزا کا اعلان کرنا چاہیے'۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ 'چھ روز قبل پارٹی میں بات ہوئی تھی کہ اگر خان صاحب کو کچھ ہوا تو ہم جی ایچ کیو جائیں گے، لیکن میں نے اس کی مخالفت کی۔'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں